(ایجنسیز)
اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی میں متفقہ طور پر منظور کی جانے والی ایک قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ڈرون طیاروں کے استعمال پر عالمی قوانین کی پابندی کی جانی چاہیے۔پاکستان کے دفترِ خارجہ کی جانب سے جمعرات کو جاری ہونے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے ہم خیال ممالک کی مدد سے اس قرارداد میں ڈرون حملوں کا معاملہ شامل کروایا ہے۔
بیان کے مطابق یہ پہلا موقع ہے کہ اقوامِ
متحدہ کی کسی قرارداد میں ڈرونز کا ذکر آیا ہے۔
اقوامِ متحدہ کی قرارداد میں رکن ممالک پر زور دیا گیا ہے کہ وہ ڈرونز کے استعمال سمیت انسدادِ دہشت گردی کے اقدامات کرتے ہوئے عالمی قوانین، اقوامِ متحدہ کے چارٹر اور حقوقِ انسانی کے قوانین کی پاسداری کریں۔
قرارداد میں بغیر پائلٹ کے جاسوس طیاروں کے استعمال پر ریاستوں کے درمیان فوری اور ضروری معاہدوں کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا ہے۔